پرکشش نمبروں کی بنیادی قیمت میں پانچ سے دس گنا اضافہ کردیاگیا جبکہ آن لائن نیلامی میں فروخت نہ ہونے والے نمبرز کو دوبارہ فروخت کیا جائےگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ 64 پرکشش نمبروں کی بنیادی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ محکمہ ایکسائز کو ای نیلامی کے دوران فروخت نہ ہونے والے 46 ہزار 600 نمبرز دوبارہ فروخت کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق مخصوص نمبرز جیسے 1، 3، 5، 7، 9 اور 786 کی بنیادی قیمت جو پہلے 10 ہزار روپے تھی ، اب بڑھا کر 1 لاکھ روپے کر دی گئی ہے اور اسی طرح ڈبل نمبرز کی قیمت 7 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے جبکہ ٹرپل نمبرز کی قیمت 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ ای نیلامی کے دوران جو نمبرز فروخت نہیں ہو پاتے، وہ ایک مخصوص مدت کے بعد سسٹم میں بلاک ہو جاتے ہیں تاہم اب لیفٹ اوور نمبرز کے لیے نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں تاکہ شہری آسانی سے اور فوری طور پر اپنی پسند کے نمبرز حاصل کر سکیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ای نیلامی کے آغاز سے اب تک گاڑیوں کے 10 ہزار 400، موٹرسائیکلوں کے 33 ہزار 300 جبکہ کمرشل گاڑیوں کے 3 ہزار نمبرز فروخت نہ ہو سکے اور لیفٹ اوور میں شامل رہے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ای نیلامی کے ذریعے 80 کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل کیا جا چکا ہے، قیمتوں میں اضافے اور لیفٹ اوور نمبرز کی دوبارہ فروخت کے فیصلے کے بعد حکومت کو مزید کروڑوں روپے کی آمدنی متوقع ہے، جس پر عملدرآمد کا آغاز اسی ماہ سے کیا جا رہا ہے۔