پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ذمہ دارانہ مؤقف اور دانشمندانہ سفارت کاری قابل تحسین ہے۔
اپنے بیان میں سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک پر حملے شدید تشویش کا باعث ہیں اور یہ خود مختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جن میں قیمتی جانی نقصان ہوا جبکہ رہائشی علاقوں، شہری تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔
نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام کا قیام تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور موجودہ بحران پر قابو پانے کے لیے دانشمندی اور عالمی یکجہتی ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی قوانین کا احترام ہی مشترکہ مستقبل کے تحفظ کی ضمانت ہے، جبکہ انسانی اصولوں پر قائم رہنا امن و سلامتی کے قیام کا بہترین راستہ ہے۔