پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی فٹنس اور طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے میڈیکل شعبے میں نئی بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد قومی ٹیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
اس سلسلے میں باقاعدہ اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف اہم عہدوں پر تقرریاں کی جائیں گی۔
ان آسامیوں میں سینیئر اسپیشلسٹ فزیوتھراپسٹ، اسپیشلسٹ فزیوتھراپسٹ، سینیئر منیجر کوآرڈینیشن اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن اور جونیئر اسپورٹس ڈاکٹرز شامل ہیں، یہ تمام عہدے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس، بحالی اور میڈیکل سپورٹ کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق ان نئی بھرتیوں کا بنیادی مقصد قومی کرکٹرز کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھا سکیں، جدید اسپورٹس میڈیسن اور فزیوتھراپی کی مدد سے نہ صرف کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنائی جائے گی بلکہ انجریز سے جلد اور مؤثر بحالی بھی ممکن ہو سکے گی۔
کھیلوں کی دنیا میں بڑھتے ہوئے مقابلے کے پیش نظر کھلاڑیوں کی جسمانی اور طبی تیاری انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے، اسی لیے پی سی بی اپنے میڈیکل ڈپارٹمنٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یہ اقدامات کر رہا ہے، تاکہ قومی ٹیم بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج دے سکے۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ان آسامیوں کے لیے دلچسپی رکھنے والے امیدوار 24 اپریل تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع کروائیں تاکہ انہیں بھرتی کے عمل میں شامل کیا جا سکے۔
یہ اقدام پاکستان کرکٹ میں پیشہ ورانہ معیار کو مزید بلند کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔