عالمی تیل مارکیٹ اس وقت اہم سفارتی پیش رفت سے جڑ چکی ہے اور قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، کیونکہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے نتائج کا براہِ راست اثر توانائی کی عالمی منڈی پر پڑ رہا ہے۔
جنگ بندی کا اعلان ہوتے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوئی تھی تاہم جب دونوں فریقین کی طرف سے بیانات کا نیا سلسلہ شروع ہوا اور مزاکرات کی کامیابی پر چہ میگوئیاں ہونے لگیں تو پھر عالمی منڈی میں گزشتہ روز معمولی اضافہ ہوا آج بھی تیل کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل ہوا ہے
اگرچہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ہے، تاہم تاحال کسی حتمی یا طویل مدتی معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے جس میں کئی اہم امور ابھی تک واضح نہیں ہو سکے، یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر بھی غیر یقینی کیفیت برقرار ہے۔
تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اسی غیر واضح صورتحال کا عکاس ہے، جہاں سرمایہ کار اور مارکیٹ تجزیہ کار کسی حتمی پیش رفت کے منتظر ہیں۔ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو ایران کی تیل برآمدات میں اضافے کا امکان ہے، جس سے عالمی سپلائی بڑھ سکتی ہے اور قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے، جبکہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک امریکا اور ایران کے درمیان معاملات مکمل طور پر طے نہیں پاتے، عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہے گی اور قیمتیں سفارتی پیش رفت کے ساتھ ہی اوپر نیچے ہوتی رہیں گی۔