وزیراعظم شہباز شریف ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے سبسڈی کی فراہمی کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف  ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے سبسڈی  کی فراہمی کا اعلان

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور پبلک ٹرانسپورٹ و مال بردار گاڑیوں کے حامل افراد کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ریلیف کی رقم کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوامی ریلیف کے اقدامات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے ریلیف کی رقم دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موثر اور شفاف نظام کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں اور ویگنوں کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کو بھی سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی طور پر کمزور طبقے کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور مشکل حالات میں عام آدمی کو سہولت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی یکجہتی اور سیاسی استحکام کے ساتھ تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومتی کفایت شعاری اور سادگی کے اقدامات سے بچائی گئی رقم عوام پر خرچ کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *