پنجاب میں عوامی ریلیف پلان تیار، اشیائے ضروریہ پر سبسڈی کی تجاویز زیر غور

پنجاب میں عوامی ریلیف پلان تیار، اشیائے ضروریہ پر سبسڈی کی تجاویز زیر غور

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے ایک جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے مختلف طریقوں پر غور کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ پر 10 سے 20 فیصد تک سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے، تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور عام شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جا سکے، اس مقصد کے لیے حکومت نے تین مختلف سبسڈی ماڈلز بھی تیار کیے ہیں جن کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پہلے ماڈل کے تحت منڈیوں کے بیوپاریوں اور رجسٹرڈ کاروباری افراد کو سبسڈی دینے کی تجویز شامل ہے، تاکہ سپلائی چین کے ابتدائی مراحل میں ہی قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔

دوسرے ماڈل میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی فراہم کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد اشیاء کی ترسیل کے اخراجات میں کمی لانا اور بالواسطہ طور پر صارفین کو ریلیف دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں، عوامی ریلیف کے اقدامات کررہے ہیں، شہباز شریف

تیسرے ماڈل کے تحت سہولت بازاروں کے ذریعے براہِ راست صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز دی گئی ہے، جسے ذرائع کے مطابق زیادہ مؤثر قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے عام شہریوں کو فوری اور واضح فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔

ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ سہولت بازاروں کے ذریعے براہِ راست صارفین کو سبسڈی فراہم کرنا ایک قابل عمل اور مؤثر طریقہ ہو سکتا ہے، تاہم تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بہترین حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جس کے بعد عوامی ریلیف کے اس منصوبے پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *