سعودی عرب پر حملے غیر ضروری کشیدگی ہے، کورکمانڈرز کانفرنس

سعودی عرب پر حملے غیر ضروری کشیدگی ہے، کورکمانڈرز کانفرنس

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات، علاقائی صورتحال اور پیشہ ورانہ تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس کے آغاز پر فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ شرکاء نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں۔

 فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر آپریشنل کارکردگی اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان اپنی سیکیورٹی کامیابیوں کو مزید مستحکم کرتے ہوئے معاشی استحکام کو مضبوط اور عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بہتر بنا رہا ہے۔

فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے تمام دہشت گرد پراکسی عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کو بلا امتیاز اور مسلسل کارروائیوں کے ذریعے ختم کیا جائے گا۔ شرکاء نے واضح کیا کہ آپریشن “غضب للحق” کی رفتار برقرار رکھی جائے گی جب تک دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کا مکمل سدباب نہیں ہو جاتا۔

یہ بھی پڑھیں :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی کامیاب سفارتکاری، امریکا اور ایران کے درمیان امن کی راہ ہموار

کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور جنگ کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تحمل، مذاکرات اور اصولی سفارتکاری کے ذریعے کشیدگی میں کمی کے لیے پرعزم ہے اور ایک ذمہ دار ملک کے طور پر علاقائی سلامتی کے استحکام میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی تنصیبات پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر ضروری کشیدگی قرار دیا۔ فورم کے مطابق ایران کی جانب سے ایسے اقدامات پرامن حل کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود جس تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے اور سفارتی حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کرتا ہے۔

فورم نے بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے بیانیوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور جعلی مقابلوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس اور جدید جنگی مہارتوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *