ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان 3 روز کے لیے عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک میں 9، 10 اور 11 مئی کو تمام فوجی کارروائیاں معطل رہیں گی۔
سوشل میڈیا پوسٹ پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ اس جنگ بندی کے دوران دونوں ممالک ایک ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ بھی کریں گے۔ انہوں نے اس پیشرفت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام طویل عرصے سے جاری خونریز تنازع کے خاتمے کی طرف ایک مثبت قدم ہو سکتا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ان کی درخواست پر اس عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ ان کے مطابق ہر گزرتے دن کے ساتھ اس تنازع کے حل کے قریب پہنچا جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ روس میں یومِ فتح کی تقریبات کے دوران یہ جنگ بندی کی جا رہی ہے جبکہ یوکرین بھی دوسری جنگ عظیم میں اہم کردار ادا کرنے والا ملک رہا ہے۔
یاد رہے کہ روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک میں شدید لڑائی جاری ہے اور اس تنازع کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور بے گھر ہو چکے ہیں۔ یہ جنگ یورپ کی حالیہ دہائیوں کی سب سے بڑی عسکری کشمکش قرار دی جا رہی ہے۔