جنگ بندی کے بعد ایران پر تازہ امریکی حملے،ٹرمپ نے تفصیلات جاری کر دیں

جنگ بندی کے بعد ایران پر تازہ امریکی حملے،ٹرمپ نے تفصیلات جاری کر دیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے تین جنگی ڈسٹرائر بحری جہاز کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر گئے ہیں جبکہ ایرانی حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ ٹرمپ کے بیان نے خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے اور ایران امریکا تنازع ایک نئے مرحلے میں داخل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی فورسز نے امریکی بحری جہازوں کو روکنے کی کوشش کی اور ان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تاہم امریکی دفاعی نظام نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔

ٹرمپ کے مطابق امریکی ڈسٹرائرز پر داغے گئے میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے جبکہ حملے کیلئے استعمال ہونے والی ایرانی چھوٹی کشتیاں بھی سمندر میں ڈبو دی گئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی بحری جہازوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا البتہ ایرانی فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی دعوے غلط ثابت،ایران کی فوجی طاقت سے متعلق خفیہ تفصیلات منظرِ عام پر آ گئیں

امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی ڈرونز کو بھی راستے میں ہی مار گرایا گیا اور وہ تتلیوں کی طرح سمندر میں جا گرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران ایک نارمل ملک ہوتا تو وہ امریکی بحری جہازوں کو گزرنے دیتا لیکن ایران کی قیادت ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو خطے کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے جوہری پروگرام پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران کو موقع ملا تو وہ جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا تاہم امریکا ایران کو ایٹمی طاقت بننے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے امریکا کے ساتھ معاہدہ نہ کیا تو مستقبل میں اس سے بھی زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی اسٹیل کی دیوار ثابت ہو رہی ہے اور امریکی بحری طاقت مکمل کنٹرول میں ہے۔

دوسری جانب ایرانی حکام پہلے ہی امریکا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور ایرانی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کر چکے ہیں۔ ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی جہازوں پر جوابی حملے کیے اور انہیں نقصان پہنچایا۔

editor

Related Articles