اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں تمام دوست ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کا مکمل احترام چاہتا ہے، آبنائے ہرمز کو کھلوانے کے لیے مشترکہ عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔
اپنے خطاب میں عاصم افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان بحرین کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی حمایت کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ موجودہ صورتحال میں مذاکرات اور سفارتکاری کو مزید موقع دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں جاری کشیدگی کے مسئلے کا پائیدار اور مستقل حل چاہتا ہے، جو صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا مثبت اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا اور اس حوالے سے تمام فریقین کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی بلکہ اس سے مسائل مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں، اس لیے امن کے قیام کے لیے سفارتی ذرائع کو ہی ترجیح دی جانی چاہیے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے لیے کی جانے والی عالمی سطح کی کوششوں کو سراہا گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مخلص ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن، استحکام اور باہمی احترام کے اصولوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔