پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مطالبہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی فوری ختم کی جائے۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں ایران سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں ،تمام فریقین انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں اور مزید کشیدگی سے گریز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ فریقین مستقل جنگ بندی قائم کریں اور مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کریں ، ایران کے جوہری مسئلے کے پر امن حل کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، ایرانی جوہری پروگرام پر سفارتکاری کے تعطل نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ تنازع کا پائیدار حل سفارت کاری کے آزمودہ اصولوں کو اپنانے پر مضمر ہے، پاکستان کا آج بھی یہی مؤقف ہے کہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوں۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی نے عالمی سفارتکاری کو ایک نئے امتحان میں ڈال دیا ہے ، اگر فوری سفارتی اقدامات نہ کیے گئے تو خطہ ایک بڑے تنازع کی لپیٹ میں آ سکتا ہے جس کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کی رسد پر بھی پڑ سکتے ہیں۔