جنگ بندی میں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے فیصلہ کن کردار ادا کیا ،احسن اقبال

جنگ بندی میں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے فیصلہ کن کردار ادا کیا ،احسن اقبال

احسن اقبال نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو غیر معمولی عزت سے نوازا ہے اور ایران و امریکا کے درمیان جنگ بندی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، جس میں شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی قیادت نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہو چکی تھی اور تیل کی قیمتوں سمیت دیگر شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے، تاہم پاکستان کی بروقت سفارتی کوششوں نے حالات کو بہتر بنانے میں مدد دی۔

احسن اقبال نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے وفود کی پاکستان آمد ایک مثبت پیش رفت ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے ذریعے نہ صرف جنگ کے شعلوں کو ٹھنڈا کیا جائے گا بلکہ ایک دیرپا اور پائیدار حل بھی تلاش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں یہ ایک منفرد موقع ہے جب دنیا بھر کی نظریں اسلام آباد پر مرکوز ہیں اور پاکستان کو ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر جنگ بندی میں مزید توسیع ہو جاتی ہے تو یہ خطے کے لیے انتہائی خوش آئند پیش رفت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :ایران،امریکا جنگ بندی پر عالمی رہنماؤں کا مشترکہ اعلامیہ، پاکستان کی تعریف

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن، استحکام اور مکالمے کا حامی رہا ہے اور موجودہ حکومت اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے، انہوں نے کہا کہ تنازعات کا حل طاقت کے بجائے بات چیت اور سفارتکاری میں ہی پوشیدہ ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کردار ایک پل کی مانند ہے جو مختلف ممالک کے درمیان فاصلے کم کر رہا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخی موقع پر اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے تاکہ ملک کو مزید کامیابیوں کی جانب لے جایا جا سکے۔

آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور آنے والے دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *