ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے وطنِ عزیز کو عالمی سطح پر ایک باصلاحیت اور کلیدی ملک قرار دیا۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اپنے قدرتی وسائل، اسٹریٹجک محلِ وقوع اور باصلاحیت نوجوان آبادی کی بدولت دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔
سفیر نے قائداعظم کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا عالمی محور بننا اب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے، جس کی واضح مثال امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کا بطور سہولت کار کردار ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھاری قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
رضوان سعید شیخ نے پاک-امریکہ تعلقات کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔