اسلامک سنٹرروٹرڈیم کے زیر اہتمام میری فوج میرا پاکستان کے عنوان سے پہلی دفعہ پاکستانی فوج اور عوام کے ساتھ اظہار تشکر کےلیے فقیدالمثال پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کے آرگنائزر ہالینڈ کے معروف سیاسی سماجی رہنماؤں ساجد بشیر،اویس بشیر، فرخ بشیر، طلعت بشیر آف پنڈی سلطان نے ہالینڈ اور بلجیئم میں مقیم محب وطن پاکستانیوں کو دعوت دی کہ وہ اللہ کے گھر تشریف لائیں ، یہ پہلی دفعہ مسجد میں کمیونٹی کو مدعو کرکے پاکستان کے مثبت کردار کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیاگیا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ کیا گیا آقا نامدار کی بارگاہ اقدس میں ملک وقاص خالد نے عقیدت کے پھول نچھاور کیے، اس موقع پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین تمغہ خدمت ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے جذباتی خطاب میں کہا کہ میں سب سے پہلے منتظمین کو مسجد میں پاکستان کے ساتھ اظہار تشکر کرنے اور افواج پاکستان کے مثبت کردار کو سراہنے کےلیے ایسے پروگرامز کا آغاز بلاشبہ پاکستان اور افواج پاکستان کےلیے کامیابی اور اتحاد کا پیغام ہے۔
انھوں نے کہا کہ میرا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، میرا ایمان سبز ہلالی پرچم کے ساتھ وفاداری ہے تمام ادارے اور عہدیدار پرچم کے سائے تلے متحد ہیں، اس وقت ایران اور امریکہ اسرائیل جنگ کے شعلے پوری دنیا کی لپیٹ میں پھیل رہے تھے جسے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم کی مدبرانہ اور دانشمندانہ قیادت نے اسلام آباد مذاکرات کی میز سجاکر پوری دنیا میں امن کی شمع کو روشن کیا.
انھوں نے کہا کہ ہمیں آج متحد ہوکر اپنے بڑوں کی کاوشوں کو نمایاں کرتے ہوۓ انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے، حضرت علامہ افتخار احمد چشتی نے قائداعظم محمد علی جناح کے دوقومی نظریے پر روشنی ڈالی اور افواج پاکستان کی کوششوں کو سراہا.
اسلامک سنٹر روٹرڈیم کے امام وخطیب اشفاق احمد مسجد ہذا کے صدر علی رضا محسن اور سفارتخانہ پاکستان ہالینڈ کے ہیڈ آف چانسری جنید رضا نے اپنے اپنے خطاب میں پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوۓ اپنے اسلاف کی قربانیوں پر روشنی ڈالی اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور حکومت پاکستان کے ثالثی کے کردار پر پرُمغز گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کے مثبت کردار کی معترف ہوگئی اور اقوام عالم کی جانب سے خیرسگالی کے فون اس بات کی غمازی ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے جس نے دنیا میں قیام امن کی خاطر امریکہ اسرائیل اور ایران کے مابین جنگ بندی کی کوششیں کرکے پاکستان کا نام فخر سے بلند کر دیا.
پروگرام میں پاکستان زندہ باد افواج پاکستان زندہ باد کے فلک شغاف نعروں سے فضا گونج اٹھی وہاں آۓ لوگوں کا جذبہ حب الوطنی دیدنی تھا۔
اوورسیز پاکستانیوں نے اسلام آباد مذاکرات کو دنیا کے امن کا پیامبر قرار دیا. ورلڈ اسلامک مشن یورپ کے صدر حاجی قمر زمان آف سیکرآلی نے خصوصی شرکت کی. پروگرام میں مختلف طبقہ ہاۓ زندگی سے تعلق رکھنے والی زیرک شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔