وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کو آج جاپان کی وزیرِاعظم سانے تاکائیچی کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا، جن کی میزبانی پاکستان نے کی تھی۔
جاپانی وزیرِاعظم سانے تاکائیچی نے جنگ بندی اور مذاکرات میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے کے استحکام اور عالمی توانائی کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے امن کے اس عمل کے لیے جاپان کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے نیک تمناؤں پر جاپانی وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ اور ایران کے وفود کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اسلام آباد میں تفصیلی مذاکرات کیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
گفتگو کے دوران وزیرِاعظم نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر جاپانی وزیرِاعظم نے بھی مثبت ردعمل دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا