سلور سویپ کیس،پاکستان کسٹمز کی بڑی کارروائی،مزید افسران معطل، کوئٹہ میں نئی ٹیم تعینات

سلور سویپ کیس،پاکستان کسٹمز کی بڑی کارروائی،مزید افسران معطل، کوئٹہ میں نئی ٹیم تعینات

پاکستان کسٹمز نے سلور سویپ کیس میں مزید پیش رفت کرتے ہوئے اضافی افسران کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور کوئٹہ میں ایک نئی ٹیم کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تحقیقات کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

پاکستان کسٹمز کی جانب سے 13 اپریل 2026 کو جاری کردہ پریس ریلیز کے تسلسل میں بتایا گیا ہے کہ سلور سویپ کیس سے متعلق مزید شواہد سامنے آئے ہیں جن میں مبینہ طور پر بعض افراد کی شمولیت، غفلت اور غیر مؤثر کارکردگی کے ثبوت شامل ہیں، ان انکشافات کے بعد ادارے نے سخت انتظامی اقدامات کرتے ہوئے معطلیاں عمل میں لائی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جن افسران کو معطل کیا گیا ہے ان میں ایک بی ایس-20، ایک بی ایس-18 اور ایک بی ایس-17 افسر شامل ہیں، جبکہ بی ایس-16 کے تین افسران بھی معطل کیے گئے ہیں، اس طرح مجموعی طور پر چھ افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے تاکہ شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان کسٹمز کے مطابق اس کیس میں فوجداری تحقیقات بھی جاری ہیں اور براہ راست ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر نمبر 01، مورخہ 13 اپریل 2026 کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :فوج، ایف سی اور کسٹمز کی کارروائیوں سے اسمگلنگ میں نمایاں کمی

ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس کیس میں سامنے آنے والے تمام ممکنہ فائدہ اٹھانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔

پاکستان کسٹمز نے اعلان کیا ہے کہ تین نئے افسران کو کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ میں تعینات کیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد کیس کی آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا اثر و رسوخ کے بغیر حقائق سامنے آ سکیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈائریکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ پبلک ریلیشنز نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ادارہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عہدے یا حیثیت سے بالاتر ہو کر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

پاکستان کسٹمز اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے،ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *