ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 118 رنز سے شکست دے دی۔کپتان بابر اعظم کی ذمہ دارانہ اور دلکش سنچری فتح کی بنیاد ثابت ہوئی۔
کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،تاہم یہ فیصلہ جلد ہی مہنگا ثابت ہوا جب زلمی کے بیٹرز نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا جو پی ایس ایل کی تاریخ کے بڑے اسکورز میں شامل ہے۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ پوری ٹیم 19ویں اوور میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی بیون جیکبز 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کے باؤلرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی علی رضا اور محمد باسط نے تین، تین جبکہ ایرن ہارڈی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس کامیابی کے ساتھ زلمی کے پوائنٹس 15 ہوگئے ہیں اور ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہتے ہوئے مضبوط پوزیشن میں آچکی ہے۔