ایران کی مسلح افواج نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں فوری اور بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔
ایرانی فوج کے مرکزی کمانڈ خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو پہلے سے طے شدہ اہداف کو بلا تاخیر نشانہ بنایا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ایرانی افواج مکمل طور پر ہائی الرٹ ہیں اور ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سو فیصد تیاری کی حالت میں موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کا جواب فوری اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا، اور دشمن کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
یہ سخت مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی قیادت کی درخواست پر ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کی جا رہی ہے تاہم ایران کی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی۔