اسلام آباد میں قائم آئی ٹی سروسز فراہم کرنے والی کمپنی ڈی پی ایل (DPL) نے ایک اہم عالمی اعزاز حاصل کرتے ہوئے 2026 کی “ٹاپ 100 گلوبل موسٹ لووڈ ورک پلیسز” فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے آئی ایٹ مرکز میں واقع کمپنی کو عالمی درجہ بندی میں 22ویں نمبر پر رکھا گیا۔ یہ سالانہ فہرست بیسٹ پریکٹس انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کی جاتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ درجہ بندی 20 سے زائد شعبوں میں کام کرنے والے 28 لاکھ سے زیادہ ملازمین کے آزادانہ سرویز کی بنیاد پر تیار کی گئی۔ فہرست مرتب کرتے وقت اس بات کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ کمپنیاں اپنے ملازمین سے کس طرح رابطہ رکھتی ہیں، ان کی آراء کو کس حد تک اہمیت دیتی ہیں، اعتماد کا ماحول کیسے قائم کرتی ہیں اور باصلاحیت افراد کو اپنے ساتھ رکھنے میں کتنی کامیاب ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ دور میں صرف اچھی تنخواہیں، لچکدار اوقاتِ کار اور جدید مراعات ملازمین کو برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں رہیں۔
2026 کی ایک عالمی تحقیق کے مطابق تقریباً 70 فیصد ملازمین اپنی تنخواہوں جبکہ 77 فیصد اپنی مجموعی سہولیات سے مطمئن تھے، اس کے باوجود 75 فیصد افراد نئی ملازمتوں کے مواقع تلاش کر رہے تھے۔
ڈی پی ایل نے اس فہرست میں کئی معروف بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جن میں کلاؤڈ فلیئر، ہگنگ فیس، یونی سِس، زیبرا ٹیکنالوجیز اور کرافٹ ہائنز سمیت دیگر کمپنیاں شامل ہیں۔
عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ڈونیلی فنانشل سلوشنز رہی، جبکہ کِنڈرِل، ویریٹیو، آئیڈیل انڈسٹریز اور اے پی سی او نے بالترتیب اگلی پوزیشنیں حاصل کیں۔
ڈی پی ایل کی یہ کامیابی پاکستان کے آئی ٹی شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھی جا رہی ہے اور یہ عالمی سطح پر پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی پہچان کی عکاس ہے۔