حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کی صورتحال کیا ہے ؟ بیرسٹر گوہر نے سب بتا دیا

حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کی صورتحال کیا ہے ؟ بیرسٹر گوہر نے سب بتا دیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے فی الحال کسی بھی فورم پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی تاہم مذاکرات پارٹی کی خواہش ضرور ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کو خوش آئند قرار دیا ہے لیکن ابھی تک حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے لیے کسی سطح پر کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات ایک سنجیدہ عمل ہے اور اس کے لیے فریقین کو باقاعدہ بیٹھنا ہوگا۔ صرف بیانات کی حد تک بات آگے نہیں بڑھ سکتی مذاکرات کے لیے واضح طریقہ کار اور ماحول ضروری ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پارٹی کی خواہش ہے کہ سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے تاہم اس وقت حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی کرنسی کی اونچی اڑان جاری،خریدار کروڑوں کمانے لگے

بانی پی ٹی آئی کے سیاسی مستقبل سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب تک لوگ بانی کے ساتھ ہیں وہ مائنس نہیں ہوسکتے اس معاملے کا کوئی نہ کوئی حل نکالنا ہوگا۔

انہوں نے سیاسی رہنماؤں کو جیلوں میں رکھنے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست دانوں کو جیلوں میں ڈالنے کے خلاف ہیں۔ سیاست میں مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ مخالفین کو جیل بھیجنے پر۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ان کی درخواست ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے کل ان کی فیملی کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات میں رابطے اور بات چیت کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما کے بیان کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے ایک بار پھر سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے تاہم دونوں جانب سے باضابطہ مذاکراتی عمل شروع ہونے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

editor

Related Articles