پاکستانی رنرز کی لندن میراتھون میں شاندار کارکردگی، تاریخ رقم

پاکستانی رنرز کی لندن میراتھون میں شاندار کارکردگی، تاریخ رقم

لندن میں منعقد ہونے والی دنیا کی مشہور دوڑ لندن میراتھون کے 46ویں ایڈیشن میں پاکستانی رنرز نے شاندار شرکت کر کے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔

اس بڑے ایونٹ میں پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد رنرز نے حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

مقابلے میں برطانیہ میں مقیم عبداللہ محمد اطہر نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 گھنٹے 39 منٹ 53 سیکنڈ میں ریس مکمل کی اور اس سال کے تیز ترین پاکستانی رنر کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے آغاز سے ہی متوازن رفتار برقرار رکھی اور آخری مراحل میں بھی شاندار کنٹرول کے ساتھ ریس مکمل کی، جسے ماہرین نے بہترین حکمت عملی قرار دیا۔

 یہ بھی پڑھیں :55 ٹی شرٹس پہن کر ہاف میراتھن مکمل، امریکی ایتھلیٹ کا منفرد عالمی ریکارڈ

کراچی سے تعلق رکھنے والے امین مکاتی نے بھی متاثر کن دوڑ کا مظاہرہ کیا اور 2 گھنٹے 45 منٹ 2 سیکنڈ میں ریس مکمل کر کے دوسرے تیز ترین پاکستانی رنر بنے، ان کی کارکردگی کو مستقل مزاجی اور بہترین رفتار کا امتزاج قرار دیا جا رہا ہے۔

خواتین کے مقابلے میں دبئی میں مقیم سارہ طہور لودھی نے 3 گھنٹے 25 منٹ 2 سیکنڈ کے ساتھ سب سے تیز پاکستانی خاتون رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

اگرچہ ریس کے آخری حصے میں ان کی رفتار میں کمی آئی لیکن انہوں نے مضبوط عزم کے ساتھ ریس مکمل کی اور پاکستان کی نمائندگی پر فخر کا اظہار کیا۔

دیگر رنرز میں ریحان آدمجی، عدنان گاندھی، ساحل کمار، ذیشان رب، ثمین ناصر، محمد حسن، عادل علی، حرا دیوان اور ہادیہ کشور نے بھی قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی۔ ان میں سے کئی رنرز نے اپنی ذاتی بہترین کارکردگی بہتر کی جبکہ کچھ نے اپنی پہلی میراتھون کامیابی سے مکمل کی۔

مجموعی طور پر اس ایونٹ میں پاکستانی رنرز کی بھرپور شرکت نے یہ ثابت کیا کہ عالمی سطح پر پاکستانی کمیونٹی کھیلوں خصوصاً لمبی دوڑ جیسے مقابلوں میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

editor

Related Articles