پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے محرم الحرام کی 7 تاریخ کو کراچی میں منعقد ہونے والی مجلس عزا میں شرکت کی، جہاں انہوں نے عزاداروں کے ساتھ وقت گزارنے کے علاوہ نیاز کی تقسیم میں بھی حصہ لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں منیب بٹ کو مجلس میں شریک اور بعد ازاں اپنے ہاتھوں سے نیاز تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی اس شرکت کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔
منیب بٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک معروف شیعہ عالم دین کے ہمراہ تصویر بھی شیئر کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو شیعہ اور سنی سمیت ہر مسلمان دل سے محسوس کرتا ہے، کیونکہ کربلا کا پیغام پوری امت کے لیے اتحاد، صبر اور حق پر ثابت قدم رہنے کی علامت ہے۔
منیب بٹ کی یہ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں مداح ان کے اس عمل پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔