ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ماضی میں ایک مشکل اور طویل عمل سمجھا جاتا تھا تاہم وقت کے ساتھ اس میں نمایاں آسانیاں پیدا ہوچکی ہیں۔
اب شہری اپنی درخواست آن لائن اور روایتی (فزیکل) دونوں طریقوں سے دے سکتے ہیں تاہم لائسنس کے اجرا کے لیے ٹیسٹ پاس کرنا بدستور ضروری ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے ایک واضح مرحلہ وار طریقہ کار موجود ہے جس کے تحت درخواست دہندہ کو مقررہ شرائط اور قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہوتا ہے۔ عموماً سب سے پہلے لرنر لائسنس جاری کیا جاتا ہے، جس کے بعد مقررہ مدت مکمل ہونے پر امیدوار باقاعدہ ٹیسٹ دے کر مستقل (ریگولر) لائسنس حاصل کرسکتا ہے۔
اس عمل کے مطابق شہری کو اپنے شہر کے ٹریفک پولیس یا لائسنسنگ دفتر میں درخواست جمع کرانی ہوتی ہے۔ درخواست کے بعد لرنر لائسنس حاصل کیا جاتا ہے اور مقررہ مدت مکمل ہونے پر ٹریفک قوانین کا تحریری امتحان اور ڈرائیونگ ٹیسٹ دینا ضروری ہوتا ہے۔ اس دوران، مقررہ فیس اور ضروری دستاویزات بھی جمع کرانا لازمی ہیں۔
ماہرین کے مطابق، ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے سے قبل محفوظ ڈرائیونگ کی مکمل پریکٹس نہایت ضروری ہے۔ اس میں سائیڈ مررز (آئینے) کا درست استعمال، اشاروں کی پابندی، اسٹاپ لائن کا خیال رکھنا اور درست لین میں گاڑی چلانا جیسے بنیادی اصولوں کی آگاہی شامل ہے۔
ڈرائیونگ ٹیسٹ عموماً تین مراحل پر مشتمل ہوتا ہے: پہلا آنکھوں (بینائی) کا ٹیسٹ، دوسرا تحریری (رائٹنگ) ٹیسٹ، اور تیسرا عملی ڈرائیونگ ٹیسٹ۔
امیدواروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ نیشنل ہائی وے کوڈ بک کا لازمی مطالعہ کریں جو تمام اہم ٹریفک قوانین اور اشاروں کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کرتی ہے۔ یہ کتاب معمولی قیمت پر کسی بھی قریبی پوسٹ آفس سے حاصل کی جاسکتی ہے اور ٹیسٹ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
اس طرح شہری آسان طریقوں سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں تاہم محفوظ ڈرائیونگ کے لیے مناسب تیاری ضروری ہے۔