وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ “پرواز کارڈ” اسکیم کے تحت نوجوانوں کو 3 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے جس کی واپسی کے لیے ابتدائی تین ماہ کی رعایت دی جائے گی جبکہ بعد ازاں آسان اقساط میں ادائیگی کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “پرواز کارڈ” اسکیم کے تحت بیرونِ ملک جانے والے کامیاب امیدواروں سے روانگی سے قبل خصوصی الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں “پرواز کارڈ” اور “اسکل سٹی” منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ “پرواز کارڈ” اسکیم کے تحت 135 نوجوانوں پر مشتمل پہلا گروپ 28 جون کو بیرونِ ملک روانہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے عمل اور بیرونِ ملک روانگی سے متعلق تمام اخراجات حکومتِ پنجاب برداشت کرے گی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک جا کر نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور انہیں عالمی سطح پر کام کرنے کا قیمتی تجربہ بھی حاصل ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ ترقی یافتہ ممالک کا مشاہدہ کریں اور یہ جاننے کی کوشش کریں کہ ترقی یافتہ اقوام اور ہمارے معاشرے میں کیا فرق ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہنرمند افرادی قوت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں عزت اور مقام حاصل کرنے کے لیے جدید مہارتوں سے آراستہ ورک فورس ناگزیر ہے۔ اسی مقصد کے تحت پنجاب حکومت صوبے کے 5 لاکھ نوجوانوں کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں جدید ترین ٹریننگ لیبارٹریاں قائم کی جا چکی ہیں، جہاں نوجوانوں کو صرف بین الاقوامی مارکیٹ کی طلب کے مطابق ہنر سکھائے جا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ بیرونِ ملک جانے والے نوجوانوں کو بہتر تنخواہوں، جدید کام کے ماحول اور پیشہ ورانہ ترقی کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے، جس سے نہ صرف ان کا مستقبل روشن ہوگا بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔