اسحاق ڈار کا برطانوی ہم منصب سے رابطہ،عالمی امن سے متعلق تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کا برطانوی ہم منصب سے رابطہ،عالمی امن سے متعلق تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی امن سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی ثالثی سے طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کے عمل میں پاکستان کی مسلسل، متوازن اور مؤثر سفارتی کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کا کردار نہایت اہم اور قابلِ قدر ہے،اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کا حامی رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کو آج دنیا بھر میں پیس میکر اور ثالث ملک کے طور پر جانا جاتا ہے،اسحاق ڈار

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مذاکرات، سفارت کاری اور تعمیری روابط کو آگے بڑھانے کے لیے آئندہ بھی اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار جاری رکھے گا،گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں امن و سلامتی سے متعلق صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

حالیہ رابطے کو پاکستان کی فعال سفارت کاری اور عالمی سطح پر اس کے مثبت کردار کے اعتراف کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں مختلف ممالک خطے میں امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو اہم قرار دے رہے ہیں۔

editor

Related Articles