پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ادائیگیوں کے نفاذ سے شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، محمد علی رندھاوا

پاسپورٹ دفاتر میں   کیش لیس ادائیگیوں کے نفاذ سے شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، محمد علی رندھاوا

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ادائیگیوں کا نظام باضابطہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔

محمد علی رندھاوا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ ایک اور اہم سنگ میل ہے، جس کے ذریعے پاسپورٹ دفاتر میں ڈیجیٹل نظام کو مزید فروغ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیش لیس ادائیگیوں کے نفاذ سے شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، جبکہ شہریوں کو زیادہ سہولت اور تیز رفتار خدمات میسر ہوں گی۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق یہ اقدام سرکاری خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے اور جدید، مؤثر اور شفاف نظام کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان بطور ’سفارتی پل‘، ترجمان دفتر خارجہ اہم ترین حقائق سامنے لے آئے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات پر عوامی سہولت کے لیے ایک اہم منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کا نیا اور جدید نظام ملک بھر میں فعال ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیش لیس نظام کے نفاذ سے شہریوں کو دفاتر میں طویل قطاروں اور گھنٹوں انتظار سے نجات ملے گی اور پاسپورٹ کے حصول کا عمل زیادہ شفاف، تیز اور آسان ہو جائے گا، یہ اقدام سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاسپورٹ کے لیے نقد فیس وصولی ختم ،نیا نظام متعارف

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاسپورٹ نظام میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے اور امیگریشن و پاسپورٹس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی ٹیم نے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے، ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے نہ صرف سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ نظام میں شفافیت بھی بہتر ہوگی۔

حکام کے مطابق ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں اب فیس کی ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے کی جا رہی ہے، جس سے نقدی کے استعمال میں کمی اور خدمات کی رفتار میں بہتری متوقع ہے،سرکاری سطح پر اس اقدام کو شہری سہولت اور جدید انتظامی اصلاحات کی سمت ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles