ملک بھر میں پاسپورٹ فیس جمع کرانے کے لیے کیش لیس ادائیگی کا نظام باضابطہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہری اب پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم جمع کرانے کے بجائے ڈیجیٹل طریقوں سے فیس ادا کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات پر عوامی سہولت کے لیے ایک اہم منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کا نیا اور جدید نظام ملک بھر میں فعال ہو گیا ہے۔
DGI&P has achieved another milestone, Cashless Passport Fee Payment mechanism rolled-out across Pakistan. pic.twitter.com/OUpQ012aY1
— Directorate General Immigration & Passports (@DGIPofficial) July 1, 2026
انہوں نے کہا کہ کیش لیس نظام کے نفاذ سے شہریوں کو دفاتر میں طویل قطاروں اور گھنٹوں انتظار سے نجات ملے گی اور پاسپورٹ کے حصول کا عمل زیادہ شفاف، تیز اور آسان ہو جائے گا، یہ اقدام سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاسپورٹ نظام میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے اور امیگریشن و پاسپورٹس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی ٹیم نے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے، ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے نہ صرف سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ نظام میں شفافیت بھی بہتر ہوگی۔
حکام کے مطابق ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں اب فیس کی ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے کی جا رہی ہے، جس سے نقدی کے استعمال میں کمی اور خدمات کی رفتار میں بہتری متوقع ہے،سرکاری سطح پر اس اقدام کو شہری سہولت اور جدید انتظامی اصلاحات کی سمت ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔