پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کی لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر علاج کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
صنم جاوید کے شوہر کے مطابق انہیں آنکھ میں شدید تکلیف اور معدے کی خرابی کی شکایت ہوئی جس کے باعث جیل انتظامیہ نے پہلے جیل اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تاہم طبیعت مزید بگڑنے پر ڈاکٹروں نے انہیں جناح اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق صنم جاوید کو سخت سیکیورٹی میں جناح اسپتال لایا گیا جہاں ایمرجنسی وارڈ میں ان کا طبی معائنہ اور علاج جاری ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم مختلف میڈیکل ٹیسٹ کر رہی ہے جبکہ ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہیں صنم جاوید کی بیماری اور طبی صورتحال سے متعلق اب آگاہ کیا گیا ہے ان کے شوہر نے مطالبہ کیا ہے کہ علاج معالجے کی تفصیلات اہلخانہ کے ساتھ شیئر کی جائیں اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
واضح رہے کہ صنم جاوید کو نو مئی مقدمات میں سزا سنائے جانے کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا تھا انہوں نے 9 مئی کے روز کور کمانڈر ہاوس پر ساتھیوں سمیت حملہ کیا جس کے تمام تر شواہد ویڈیوز کے ذریعے محفوظ ہیں۔