پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں غیر قانونی اور جعلی سموں کے اجرا کی روک تھام اور سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے موبائل فون کمپنیوں اور ریٹیلرز پر رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سم کارڈز کی فروخت معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے تمام موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملک بھر میں مقررہ اوقات کے دوران سم کارڈز کی فروخت بند رکھی جائے۔
یہ فیصلہ جعلی اور غیر قانونی سموں کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ صارفین کے تحفظ اور ٹیلی کام نظام کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
پی ٹی اے کی ہدایات کے مطابق تمام مجاز فرنچائزز، ریٹیلرز اور دیگر سیل پوائنٹس اس پابندی کے پابند ہوں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹیلی کام قوانین کے تحت سخت قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف مجاز مراکز سے مقررہ اوقات کے اندر ہی سم کارڈ حاصل کریں اور سم کی ایکٹیویشن سے قبل بائیو میٹرک تصدیق کو لازمی مکمل کریں۔
پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی ان ہدایات کی خلاف ورزی دیکھی جائے تو فوری طور پر پی ٹی اے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، موبائل ایپ یا ٹول فری نمبر کے ذریعے اطلاع دی جائے۔
یہ اقدام صارفین کے مفادات کے تحفظ، سموں کے غلط استعمال کی روک تھام اور ملک میں محفوظ و شفاف ٹیلی کام ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔