83 سال کی عمر میں نئی تاریخ رقم، معمر خاتون نے دنیا کو حیران کر دیا

83 سال کی عمر میں نئی تاریخ رقم، معمر خاتون نے دنیا کو حیران کر دیا

تعلیم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی، یہ بات مصر کی 83 سالہ خاتون آمال اسماعیل نے اپنی شاندار کامیابی سے ثابت کر دی۔

عام طور پر زندگی کے اس مرحلے پر زیادہ تر لوگ آرام اور ریٹائرمنٹ کو ترجیح دیتے ہیں لیکن آمال اسماعیل نے ثابت کیا کہ اگر انسان کے اندر سیکھنے کا جذبہ موجود ہو تو عمر کبھی بھی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر سے تعلق رکھنے والی آمال اسماعیل نے 83 برس کی عمر میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کر لی۔ انہوں نے یہ اہم تعلیمی کامیابی مصر کی منصورہ یونیورسٹی کے کالج آف آرٹس سے حاصل کی جہاں وہ نمایاں کامیابی کے ساتھ ڈاکٹریٹ مکمل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

  یہ بھی پڑھیں :91سالہ معمر خاتون ویڈیو گیم میں مگن، پولیس بھی پریشان

آمال اسماعیل کا تعلیمی سفر بھی غیر معمولی رہا۔ انہوں نے 2023 میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی اور اس کے بعد پی ایچ ڈی کے سفر کا آغاز کیا۔ مسلسل محنت، عزم اور سیکھنے کے شوق کی بدولت انہوں نے اپنی منزل حاصل کر لی۔

اپنی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے آمال اسماعیل نے کہا کہ 83 سال سے زائد عمر میں پی ایچ ڈی حاصل کرنا ان تمام افراد کے لیے ایک پیغام ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ عمر خوابوں کی تکمیل میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :گھریلوجھگڑے پرغصے میں کروڑوں روپے کھڑکی سے باہر

ان کا کہنا تھا کہ عمر صرف ایک عدد ہے جب تک انسان سوچنے، سیکھنے اور محنت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسے اپنے مقاصد کے حصول کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔

آمال اسماعیل کی کہانی ان تمام لوگوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے جو کسی بھی وجہ سے اپنے خواب ادھورے چھوڑ دیتے ہیں۔ ان کی کامیابی یہ پیغام دیتی ہے کہ جذبہ، محنت اور عزم کے ساتھ زندگی کے کسی بھی مرحلے پر نئی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

editor

Related Articles