خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل

خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل

محکمۂ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے کے میدانی علاقوں میں واقع تمام تعلیمی اداروں کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نئے فیصلے کے تحت خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسکولز اور کالجز 22 مئی سے 31 اگست 2026 تک بند رہیں گے۔

محکمۂ تعلیم کے ذرائع کے مطابق پہلے سے طے شدہ شیڈول کے تحت گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے شروع ہونی تھیں، تاہم عید الاضحیٰ کی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے ملاپ کے باعث حکومت نے چھٹیوں کا آغاز پہلے کرنے کا فیصلہ کیا۔

محکمۂ تعلیم کا کہنا ہے کہ 22، 23 اور 24 مئی کو بالترتیب جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں آ رہی ہیں، جبکہ ملک میں 27 مئی سے 31 مئی 2026 تک عید الاضحیٰ کی سرکاری تعطیلات کا آغاز ہو رہا ہے۔

حکام کے مطابق اگر پرانے شیڈول پر عمل کیا جاتا تو ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے 25 اور 26 مئی کو صرف دو دن کے لیے کھلتے اور اس کے بعد عید کی تعطیلات شروع ہو جاتیں۔ اسی صورتحال اور شدید گرمی کے پیشِ نظر حکومت نے 22 مئی سے ہی باقاعدہ گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔

سرکاری حکام نے واضح کیا ہے کہ صوبے کے انتہائی سرد پہاڑی علاقوں کے لیے پہلے سے طے شدہ شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہ برقرار رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ریڈ زون میں واقع تعلیمی ادارے اور دفاتر آج بھی بند رہیں گے ، نوٹیفکیشن جاری

خیبر پختونخوا کے شدید سرد پہاڑی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات صرف ایک ماہ کے لیے ہوں گی، جو یکم جولائی سے 31 جولائی 2026 تک مشاہدہ کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں بھی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے شدید ہیٹ ویو کے باعث صوبے بھر کے اسکولوں کے لیے 3 ماہ کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

پنجاب میں اسکول 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک بند رہیں گے، جبکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کا دوبارہ آغاز 24 اگست سے ہوگا۔

شدید موسم کے پیشِ نظر حکومت نے اسکولوں کو پہلے ہی اوقاتِ کار تبدیل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Related Articles