(سید ذیشان)
آزاد ڈیجیٹل نے خیبرپختونخوا حکومت کے مالی سال 2024-25 کیلئے1654ارب روپےکے تیار کیے جانے والے بجٹ کی کاپی حاصل کرلی۔
خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 2024-25 کیلئے1654 ارب روپے کا بجٹ تیار کر لیا۔صوبائی حکومت کی بجٹ کاپی آزاد ڈیجیٹل کو موصول ہو گئی ۔بجٹ میں صوبے کے جاری اور ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 1456ارب جبکہ آمدن کا تخمینہ 1754 ارب روپے لگایا گیا ہے۔جس میں 1300 ارب روپے جاری اور 300 ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے لئے مختص کیے گئے ہیں۔کل پیش ہونے والے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 600 ارب روپے مختص کئے گئےہیں۔جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کےپنشن کے لئے تقریبا 145 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔بجٹ میں محکمہ صحت کے لئے 70 ارب روپے،ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 250 ارب روپے،محکمہ اعلی تعلیم کے لئے 22 لوکل گورنمنٹ اور سی اینڈ ڈبلیو کے لئے 10،10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ سالانہ ترقیاتی بجٹ (اے ڈی پی ) کے لئے 135 ارب روپے ور اے آئی پی کے لئے 30 ارب مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔ خیبر پختونخوا کے مالی سال 2025-2024 کا بجٹ کل صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا بجٹ کو صوبائی وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی بجٹ میں صحت کارڈ کیلئے 28 ارب روپے دیےجائیں گے جبکہ بی آر ٹی کیلئے اڑھائی ارب روپے تک سبسڈی دینے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق بجٹ میں نئے ٹیکس لگانے کی بجائے پہلے سے موجود ٹیکسوں میں رد و بدل کرنے کا امکان ہے۔اس لئے صوبے میں اراضی کی انتقالات پر عائد مختلف ٹیکسز کو 6 فیصد سے کم کرکے تین فیصد پر لانے کی تجویز دی گئی ہے۔بجٹ میں معدنیات صوبائی حکومت معدنیات کی لئے ایک الگ کمپنی بنانے کے لیے فنڈز مختص کریں گی جس کا 30 فیصد آمدن صوبے کو ملے گی۔ محکمہ خزانہ نے صوبے میں تمباکو خریدنے والے کمپنیوں پر ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی بھی تجویز دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق ترقیاتی فنڈز میں نئے منصوبوں کی بجائے 90 فیصد فنڈز جاری منصوبوں کے لیے مختص کئے جانے کی تجویز ہے اس کے ساتھ نوجوانوں کے لئے آسان شرائط پر قرضوں اور دیگر امور کی لئے 10 ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کا امکان ہے۔