ایرانی ریال کی قیمت میں پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے باعث اس کی قدر مسلسل اوپر جا رہی ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں ایک کروڑ ایرانی ریال کا بنڈل 8 ہزار سے 10 ہزار پاکستانی روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے جبکہ گزشتہ چند روز کے دوران ریال کی قیمت میں مسلسل تیزی دیکھی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ کے برعکس مقامی سطح پر ایرانی ریال کی قدر میں اضافہ طلب بڑھنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے سرمایہ کار اور ٹریڈرز مستقبل میں ممکنہ منافع کی توقع پر ریال خرید رہے ہیں۔
امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے اور پابندیوں میں نرمی کی امید نے سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔ سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر ایران پر عائد پابندیاں ختم ہوئیں تو ایرانی ریال کی قدر میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے انہیں خاطر خواہ منافع حاصل ہوگا۔
کرنسی مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی تجارت اور غیر رسمی لین دین میں بھی ایرانی ریال کی طلب بڑھ رہی ہے جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔