ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیو آر کوڈ کے ذریعے سبسڈی کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیو آر کوڈ کے ذریعے سبسڈی کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

حکومت نے بجلی کے بلوں پر سبسڈی کی فراہمی کو شفاف بنانے اور اس کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے جدید کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بھی سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی ’’کراس سبسڈی پروگرام 2026ء‘‘ کے تحت شروع کیے گئے اس اقدام کا مقصد حکومتی ریلیف کو صرف مستحق اور اہل صارفین تک پہنچانا ہے۔

پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق نئی ڈیجیٹل اسکیم کے تحت ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں پر خصوصی کیو آر کوڈز پرنٹ کیے جائیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ایک ہی گھر میں متعدد میٹرز لگا کر بار بار سبسڈی حاصل کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا اور حکومتی ریلیف کو صرف کم آمدنی والے طبقے تک محدود رکھنا ہے۔

سبسڈی کے دائرہ کار میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین، روزانہ اجرت کمانے والے دیہاڑی دار مزدور اور ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین شامل ہوں گے۔

رجسٹریشن کا طریقہ کار

بجلی کے بل پر ملنے والی سبسڈی ایک مکمل ڈیجیٹل عمل کے ذریعے حاصل کی جا سکے گی۔ صارف کو اپنے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا، جو اسے براہ راست سرکاری پورٹل پر لے جائے گا۔

پورٹل پر صارف کو اپنے بل کا 14 ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔ تصدیق کے لیے صارف کے موبائل فون پر ون ٹائم پاس ورڈ بھیجا جائے گا، جس کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی بل پر کیو آر کوڈ کی آڑ میں صارفین کی معلومات چوری ہونے کا خدشہ

حکام نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی تاخیر یا پریشانی سے بچنے کے لیے یہ یقینی بنائیں کہ بجلی کے بل پر درج نام ان کے شناختی کارڈ کے نام کے مطابق ہو۔

وہ صارفین جن کے پاس اسمارٹ فونز نہیں ہیں یا جو ڈیجیٹل سسٹم کے استعمال سے ناواقف ہیں، ان کی سہولت کے لیے حکومت نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، ڈپٹی کمشنر دفاتر اور یونین کونسل کی سطح پر فیسیلیٹیشن ڈیسک اور ہیلپ کیمپس قائم کر دیے ہیں۔

اس کے علاوہ، کیو آر کوڈ اسکین نہ ہونے کی صورت میں صارفین کراس سبسڈی پروگرام کے آفیشل پورٹل پر جا کر دستی طور پر بھی اپنی تفصیلات درج کر کے رجسٹر ہو سکتے ہیں۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ سبسڈی کی تقسیم کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ نظام میں شفافیت لانے، کارکردگی بڑھانے اور غریب خاندانوں تک ریلیف کی براہِ راست فراہمی کے لیے انتہائی معاون ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان واحد ثالث، امریکا کے ساتھ معاہدے کے اکثر نکات پر اتفاق ہو چکا ہے، ایران کی باضابطہ تصدیق

Related Articles