خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے کا خطرہ ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے  کا خطرہ ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برف اور گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا امکان ہے، جس سےگلیشیئر پھٹنے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز بارشوں اور بعض مقامات پر شدید بارشوں کا امکان ہے۔

ادارے نے کہا ہے کہ درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور بارشوں کے نتیجے میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں نقصان کا اندیشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاری کو یقینی بنائے، جبکہ حساس علاقوں میں نگرانی مزید بڑھائی جائے اور وارننگ سسٹم کو مکمل فعال رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :عید کے تین دن موسم کیسا ہوگا؟،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

مزید کہا گیا ہے کہ ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے اپنی مشینری اور عملے کو تیار رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

ندی نالوں میں طغیانی اور تیز بہاؤ کے باعث گاڑیوں کے بہہ جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس پر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خطرناک علاقوں کا رخ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مویشی اور قیمتی سامان محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور سرکاری وارننگز پر مکمل عمل کریں۔

ادارے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

editor

Related Articles