امن معاہدہ ایرانی قوم کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق جلد طے ہوگا،شہباز شریف کی ایرانی صدر سے گفتگو

امن معاہدہ ایرانی قوم کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق جلد طے ہوگا،شہباز شریف کی ایرانی صدر سے گفتگو

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تیس منٹ سے زائد گفتگو ہوئی۔

گفتگو کے آغاز میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال اور قیامِ امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور سید عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کی جانب سے امن کی کوششوں میں شرکت بھی قابلِ تعریف ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مسلمان ایک ہوجائیں تو وہ ایک دوسرے کا دفاع کرسکتے ہیں، ایرانی صدر

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی صدر سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کیں، اور امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔

شہباز شریف نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ممکنہ معاہدہ ایرانی قوم کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق ہوگا، جبکہ خطے میں امن قائم ہونے سے ایران کی حقیقی معاشی صلاحیت سامنے آئے گی اور پورا خطہ اس سے مستفید ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور خطے میں امن کی بحالی دونوں ممالک کے لیے روشن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت بن سکتی ہے۔

editor

Related Articles