پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اپنے نئے گانے ’’تو ہے وہی دل نے جسے اپنا کہا‘‘ کے کور ورژن اور سوشل میڈیا شخصیت رجب بٹ سے جڑے تنازع پر پہلی بار کھل کر ردعمل دے دیا ہے۔
گانے کی ریلیز کے بعد جہاں کئی مداحوں نے عاصم اظہر کی کاوش کو سراہا، وہیں سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے کلاسک گیت کے نئے ورژن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے اصل گانے کے معیار پر پورا نہ اترنے والا قرار دیا۔
اسی دوران معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے گانے کی حمایت میں ایک لپ سنک ویڈیو شیئر کی، جس پر عاصم اظہر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم اس ردعمل کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی اور بعض صارفین نے گلوکار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد عاصم اظہر نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کا شکریہ ادا کرنا یا اس کی محبت کا جواب دینا اس بات کی علامت نہیں کہ وہ اس کی تمام آراء، خیالات یا اقدار سے مکمل اتفاق کرتے ہیں۔
گلوکار نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کے تحفظات کو سمجھتے ہیں اور ان میں سے کئی نکات سے اتفاق بھی کرتے ہیں، تاہم ان کا مقصد صرف ملنے والی محبت اور حمایت کا مثبت انداز میں جواب دینا تھا۔
عاصم اظہر نے مزید کہا کہ ان کے عمل کو غیر ضروری طور پر مختلف معنی دیے جا رہے ہیں، حالانکہ اس کے پیچھے کوئی اور مقصد نہیں تھا۔انہوں نے صورتحال کو خوشگوار انداز میں ختم کرتے ہوئے مداحوں سے کہا کہ وہ ان کے نئے گانوں اور ’’میٹھے آموں‘‘ سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔
اگرچہ عاصم اظہر نے اپنی وضاحت پیش کر دی ہے، لیکن سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث بدستور جاری ہے۔ بعض صارفین کا خیال ہے کہ انہیں رجب بٹ کی حمایت کو عوامی سطح پر سراہنے سے گریز کرنا چاہیے تھا، جبکہ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ گلوکار کو غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔عاصم اظہر کی وضاحت کے باوجود یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے اور صارفین مختلف زاویوں سے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔