حکومت نے روایتی نظام ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اب پاسپورٹ کا اجرا مکمل طور پرآن لائن ہوگا اور اس کے لیے سسٹم بھی تیار کرلیا گیا ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاسپورٹ نظام میں اہم اصلاحات کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے اجرا کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، ای پاسپورٹ پر مکمل منتقلی کے بعد اس ضمن میں فراڈ اور جعلسازی کے امکانات کا خاتمہ ہو جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
اجلاس میں پریمیم سروسز حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ انہیں پاسپورٹ پر آنے والے اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہوگی ، اس کے علاوہ بیرون ملک اور اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے، شہریوں کو ان کی دہلیز پر پاسپورٹ فراہم کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اس کے ساتھ آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی کے پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ درخواستوں کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ بزنس پاسپورٹ سے متعلق پالیسی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
اجلاس کے دوران ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو مختلف اصلاحاتی اقدامات اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔