افغانستان کے صوبے خوست میں عوام کو درپیش غربت، معاشی مشکلات اور جنگ کے اثرات کے درمیان سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں طالبان حکومت کے وزیر داخلہ کی ایک بڑی اور انتہائی محفوظ لگژری رہائش گاہ زیرِ تعمیر دکھائی گئی ہے۔
ویڈیو کے ساتھ شیئر کیے جانے والے دعووں میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خوست افغانستان کے ان علاقوں میں شامل ہے جو غربت، پسماندگی اور جنگ سے سب سے زیادہ متاثر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب طالبان حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی مبینہ رہائش گاہ کی تعمیر کو عوامی مشکلات کے تناظر میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ویڈیو میں دکھائی جانے والی رہائش گاہ ایک وسیع و عریض اور سخت حفاظتی انتظامات سے آراستہ نجی اسٹیٹ ہے، جو ایسے وقت میں تعمیر کی جا رہی ہے جب ملک میں لاکھوں افراد معاشی بحران، غذائی قلت اور شدید غربت کا سامنا کر رہے ہیں۔
ویڈیو کے ساتھ جاری کیے گئے بیانات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت عوام سے سادگی اور مالی قربانی کا مطالبہ کرتی ہے، جبکہ ناقدین کے مطابق حکومتی اشرافیہ قومی وسائل کو ذاتی رہائش گاہوں اور نجی مراکز کی تعمیر کے لیے استعمال کر رہی ہے۔