پی ٹی آئی کو بڑی کامیابی، اب بلے کے نشان پر الیکشن لڑ سکے گی

پی ٹی آئی کو بڑی کامیابی، اب بلے کے نشان پر الیکشن لڑ سکے گی

پاکستان تحریک انصاف کو آزاد کشمیر میں بڑا ریلیف مل گیا آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت رجسٹر کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے امیدوار آئندہ انتخابات میں بلے کے انتخابی نشان پر حصہ لے سکیں گے۔ یہ فیصلہ آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس شاہد بہار کی سربراہی میں قائم لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ یہ درخواست تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت تسلیم نہ کرنا اور انتخابی نشان سے محروم کرنا درست نہیں جس پر عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پی ٹی آئی کے حق میں احکامات جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں،اس ہفتہ پیٹرول و ڈیزل سستا ہونے کا امکان

عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کو ہدایت کی گئی ہے کہ تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت رجسٹر کیا جائے تاکہ پارٹی امیدوار انتخابی عمل میں اپنے پارٹی نشان کے ساتھ حصہ لے سکیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے تحریک انصاف کی سیاسی رکنیت اور رجسٹریشن منسوخ کر دی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی نے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

سماعت کے دوران آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر اور حکومتِ آزاد کشمیر کو بھی نوٹسز جاری کیے تھے اور معاملے پر وضاحت طلب کی تھی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق عدالتی فیصلے سے تحریک انصاف کو آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے بڑا فائدہ حاصل ہوگا کیونکہ پارٹی امیدوار اب اپنے روایتی انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں اتر سکیں گے۔

editor

Related Articles