وینزویلا میں 7.5 کا خوفناک زلزلہ ، عمارتیں منہدم ، بڑے پیمانے پر ہلاکتوں خدشہ 

وینزویلا میں 7.5 کا خوفناک زلزلہ ، عمارتیں منہدم ، بڑے پیمانے پر ہلاکتوں خدشہ 

جنوبی امریکی ملک وینزویلا ایک طاقتور زلزلے سے لرز اٹھا، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دارالحکومت کراکس سمیت مختلف شہروں میں عمارتیں ہلنے لگیں اور لوگ گھروں، دفاتر اور تجارتی مراکز سے نکل کر کھلے مقامات کی جانب دوڑ پڑے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں جبکہ ملبے تلے افراد کے دبے ہونے کے خدشات کے باعث امدادی اداروں نے ہنگامی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر آنے والے دو زلزلوں کی شدت بالترتیب 7.2 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کراکس کے مغربی علاقے کے قریب بتایا جا رہا ہے، تاہم اس کے جھٹکے پورے ملک میں محسوس کیے گئے۔ پڑوسی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی زمین لرزنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

شدید جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہزاروں افراد گھروں، دفاتر اور تجارتی مراکز سے نکل کر کھلے میدانوں اور سڑکوں پر جمع ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق بعض بلند و بالا عمارتیں کئی سیکنڈ تک ہلتی رہیں جبکہ مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے اور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

وینزویلا کے وزیر داخلہ نے صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متاثرہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکومت نے ہنگامی اداروں، ریسکیو ٹیموں اور سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کر دیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کی جا سکیں۔

 یہ بھی پڑھیں :جاپان میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری کردی گئی

امریکی جیولوجیکل سروے کے ابتدائی تجزیے کے مطابق زلزلوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ موجود ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے، تاہم حتمی اعداد و شمار ریسکیو کارروائیوں اور نقصانات کے مکمل جائزے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔

حکام کے مطابق زلزلے ایسے وقت میں آئے جب ملک میں قومی تعطیل منائی جا رہی تھی اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں میں موجود تھے، جس کے باعث جانی نقصان کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتالوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تباہی کی اصل صورتحال سامنے آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ کئی علاقوں سے رابطہ تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا۔

editor

Related Articles