پنجاب حکومت نے بچوں کی پیدائش کے اندراج (برتھ رجسٹریشن) کو مزید آسان اور عوام دوست بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے یونین کونسل کی سطح پر برتھ رجسٹریشن کی فیس مستقل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ بلدیات نے باقاعدہ سمری تیار کرکے منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب بھر کی تمام یونین کونسلوں میں والدین اپنے بچوں کی پیدائش کا اندراج بغیر کسی فیس کے کرا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنا اور بچوں کی بروقت رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اس سے قبل برتھ رجسٹریشن کی فیس ایک سال کے لیے عارضی طور پر ختم کی تھی تاہم اب عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے کو مستقل شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ برتھ رجسٹریشن ہر بچے کا بنیادی قانونی حق ہے جس کی بدولت اسے شناخت تعلیم صحت اور دیگر سرکاری سہولیات تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ فیس کے خاتمے سے زیادہ سے زیادہ والدین اپنے بچوں کا بروقت اندراج کرائیں گے جس سے صوبے میں رجسٹریشن کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات نے اپنی سمری میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ برتھ رجسٹریشن پر فیس کا خاتمہ عوامی مفاد میں ہے اور اس سے شہریوں کو براہ راست ریلیف ملے گا۔ سمری کی منظوری کے بعد متعلقہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد یہ فیصلہ پورے پنجاب میں نافذ العمل ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق حکومت کا یہ اقدام نہ صرف شہریوں کے لیے آسانی پیدا کرے گا بلکہ پیدائش کے بروقت اندراج کو فروغ دینے، آبادی کے درست ریکارڈ کی تیاری اور سرکاری منصوبہ بندی کو مزید مؤثر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔