یکم سے6 جولائی،این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

یکم سے6 جولائی،این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے یکم جولائی سے 6جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کے پہلے باقاعدہ اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں، سیاحوں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال اور اٹک سمیت متعدد شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم کی آئندہ مون سون کے نقصانات سے بچنے کیلئے تیاری کی ہدایت

اسی طرح جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر اور میانوالی میں تین جولائی سے پانچ جولائی کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور شانگلہ میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، شگر، گھانچے، مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سیلاب کے امکانات کے حوالے سے بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پری مون سون سسٹم فعال، محکمہ موسمیات کی بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی

بلوچستان کے ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور ڈیرہ بگٹی میں یکم سے چار جولائی کے دوران جبکہ سندھ کے لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، دادو، کشمور، گھوٹکی، شکارپور، خیرپور، شہید بینظیر آباد اور نوشہرو فیروز میں تین اور چار جولائی کو گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کیا جائے، شہری، سیاح اور مسافر موسمی صورتحال سے مسلسل باخبر رہیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

مزید کہا گیا ہے کہ عوام بروقت موسمی معلومات اور الرٹس حاصل کرنے کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ سے رہنمائی لیں جبکہ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

editor

Related Articles