امریکہ اور ایران حملے روکنے پر متفق، رواں ہفتے مذاکرات بھی ہوں گے، امریکی نیوز ویب سائٹ کا دعویٰ

امریکہ اور ایران حملے روکنے پر متفق، رواں ہفتے مذاکرات بھی ہوں گے، امریکی نیوز ویب سائٹ کا دعویٰ

امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ایک امریکی نیوز ویب سائٹ نے ایک سینئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے جبکہ رواں ہفتے مذاکرات کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی بات چیت میں خطے کی صورتحال سمیت مختلف اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک آبنائے ہرمز کے تنازع کو حل کرنے کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکہ کو ایران پر حملے منسوخ کرنے کیلئے پاکستان نے قائل کیا ، امریکی تجزیہ نگار

امریکی عہدیدار کے مطابق دوحہ میں ہونے والی ممکنہ ملاقات کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے کہا تھا کہ حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمت کی یادداشت کی شرائط کی مبینہ خلاف ورزی کے باعث ایران نے اتوار کو ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں شرکت نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو 11 روز گزر چکے ہیں تاہم دونوں جانب سے دوبارہ حملوں کے باعث جنگ بندی کی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہو گئی تھی۔ تازہ پیش رفت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے امکان کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles