وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات کے بعد صارفین کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں لوڈ شیڈنگ اور بجلی چوری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت توانائی نے وزیراعظم کو لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خسارے والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ وزیراعظم کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاپتا شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کر دی گئی
شہباز شریف نے ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ نقصانات والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی چوروں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور بجلی چوری کی روک تھام کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کی روک تھام پر پیشرفت رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر پیش کی جائے۔