سکول کی چھت گرنے کا ایک اور افسوس ناک واقعہ، کئی بچے دب گئے،ریسکیو آپریشن جاری

سکول کی چھت گرنے کا ایک اور افسوس ناک واقعہ، کئی بچے دب گئے،ریسکیو آپریشن جاری

لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں افسوسناک حادثے کے دوران زیر تعمیر عمارت کی تیسری منزل اچانک منہدم ہو گئی جس کے ملبے تلے کئی بچے دب گئے حادثے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ چار بچے زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی بچوں کو ملبے سے نکال کر سروسز اسپتال منتقل کر دیا جبکہ ملبے میں مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زیر تعمیر عمارت میں بچوں کے لیے سمر کیمپ لگایا گیا تھا۔ واقعے کے وقت متعدد بچے عمارت میں موجود تھے کہ اچانک تیسری منزل زمین بوس ہو گئی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور کئی بچے ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں:دریائے کنہار میں بہہ جانے والا ویگو ڈالا بالآخر مل گیا ، گاڑی کا ہر حصہ تباہ

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری اور خصوصی ٹیموں کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے تاکہ اگر مزید کوئی شخص ملبے تلے موجود ہو تو اسے بحفاظت نکالا جا سکے۔ پولیس نے بھی علاقے کو گھیرے میں لے کر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں بھی ایک دلخراش سانحہ رونما ہوا تھا جہاں ایک عمارت گرنے سے 14 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ پے در پے پیش آنے والے ان واقعات نے شہر میں زیر تعمیر اور خستہ حال عمارتوں کی حفاظت تعمیراتی معیار اور متعلقہ اداروں کی نگرانی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

editor

Related Articles