دریائے کنہار کے تیز بہاؤ اور خطرناک چٹانوں کے درمیان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران دریا میں بہہ جانے والا قیمتی ویگو ڈالہ کئی گھنٹوں پر محیط ریسکیو آپریشن کے بعد بالآخر دریا سے نکال لیا گیا ہے جبکہ حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی قیاس آرائیوں اور تنقید کا جواب دیتے ہوئے معروف ٹک ٹاکر سلطان ورک نے بھی اپنا پہلا ویڈیو پیغام جاری کر دیا جس میں انہوں نے اپنی خیریت کی تصدیق کرتے ہوئے اس حادثے کو اللہ کی مشیت اور مقدر قرار دیا۔
گزشتہ روز دریائے کنہار میں ٹک ٹاک ویڈیو ریکارڈ کرنے کے دوران ایک قیمتی ویگو ڈالہ تیز بہاؤ کی زد میں آ کر دریا میں بہہ گیا تھا۔ واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں ضلعی انتظامیہ اور مقامی غوطہ خوروں نے گاڑی کی تلاش کے لیے کئی گھنٹوں تک مسلسل آپریشن جاری رکھا۔
دریا کے تیز بہاؤ گہرے پانی اور پتھریلے راستے کی وجہ سے ریسکیو کارروائی انتہائی دشوار ثابت ہوئی تاہم مسلسل محنت کے بعد گاڑی کو خصوصی مشینری کی مدد سے دریا سے باہر نکال لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا
ریسکیو ذرائع کے مطابق دریا سے نکالے جانے تک گاڑی کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا۔ تیز لہروں میں بہتے ہوئے ویگو متعدد چٹانوں سے ٹکراتا رہا جس کے باعث اس کی باڈی بری طرح پچک گئی جگہ جگہ گہرے ڈینٹ پڑ گئے تمام شیشے ٹوٹ گئے جبکہ اگلا اور پچھلا حصہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔
دوسری جانب حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں اور افواہوں کے تناظر میں ٹک ٹاکر سلطان ورک نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم جان بوجھ کر کہیں گاڑی نہیں پھنساتے۔ یہ اللہ کے معاملات ہیں اور ہمارے مقدر میں یہی لکھا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے خاص کرم والدین اور چاہنے والوں کی دعاؤں کی بدولت ہم اس ہولناک حادثے کے باوجود محفوظ ہیں اور آپ سب کے سامنے موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر مختلف افواہوں کی وجہ سے ان کے دوست اور مداح پریشان تھے اسی لیے انہوں نے یہ ویڈیو صرف اپنی خیریت سے آگاہ کرنے کے لیے جاری کی ہے۔ سلطان ورک نے کہا کہ آپ سب نے بالکل پریشان نہیں ہونا ہم سب خیریت سے ہیں اور آپ سب کی محبت اور دعاؤں کے شکر گزار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:گاڑی خریداروں کیلئے بڑی خوشخبری، کون سی گاڑی کتنے لاکھ سستی ہوئی؟ اہم تفصیلات آگئیں

