نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ب فارم کے حصول کو آسان بنانے کے لیے نئے ضوابط جاری کر دیے ہیں، جس کے تحت والدین اب گھر بیٹھے ہی درخواست دے سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق والدین اب نادرا دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ب فارم کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جس سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ممکن ہوگی۔
نادرا کے نئے قوانین کے مطابق 3 سال تک کی عمر کے بچوں کے ب فارم کے لیے تصویر فراہم کرنا ضروری نہیں ہوگا، تاہم 3 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے تصویر لازمی قرار دی گئی ہے۔
اسی طرح 10 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے تصویر کے ساتھ ساتھ فنگر پرنٹس (انگلیوں کے نشانات) اور آئرس (آنکھوں کے اسکین) کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق بھی لازمی ہوگی۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے قومی شناختی کارڈ کی معیاد ختم ہونے سے پہلے ہی اس کی تجدید (Renewal) کروا لیں۔
ادارے کے مطابق اس نئے اقدام کا مقصد والدین کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ جدید موبائل ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا وقت بچا سکیں۔