چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی لگتا ہے کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام نہیں چلے گا، ٹیم میں بڑی سرجری کی ہنگامی بنیادی پر ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے کہا مجھے پورا یقین ہو گیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پر فارمنس پر ہے۔ ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025کی تیاری کے لیے کرکٹ ٹیم میں جلد بڑی سر جری کرنا ہو گی ، اس کے علاوہ ٹیم کا کوئی حل نہیں ہے ۔ ان کا مزید کہناتھا کہ وقت آگیا ہے کہ باہر بیٹھے نئے ٹیلنٹ کو چانس دیا جائے۔ میرا مشن ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم بنے اور اس کے لیے مجھ سے جو ممکن ہو گا کروں گا ۔
مزید پڑھیں:محمد رضوان نے ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا
محسن نقوی نے کہا ہے میرے علم میں سب کچھ ہے کہ ٹیم میں کیا چل رہا تھا مجھے سب کچھ معلوم ہے اور ہارنے کی وجوہات کیا ہیں ، قوم کرکٹ ٹیم سے ایسی مایوس کن کارکردگی کی توقع نہیں رکھتی ۔ بھارت کے خلاف نیو یارک میں ہونے والے میچ کی شکست کے بعد محسن نقوی ٹیم کی مایوس کن کا ر کردگی پر کھل کر بول پڑے اور انہوں نے ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اشارہ دے دیا ہے کہ ورلڈ کپ 2024کے بعد وطن واپس آنے کے بعد سرجری کے لیے تیار ہو جائیں ۔