پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد ملک بھر میں عیدالفطر کل بروز ہفتہ منائی جائے گی۔ اس موقع پر نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر کئی ممالک میں بھی عیدالفطر ایک ہی دن منائی جائے گی۔
پاکستان کے علاوہ سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا، بنگلا دیش، سری لنکا، عمان اور بھارت میں بھی عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔
عیدالفطر کے موقع پر اہم سیاسی و حکومتی شخصیات کہاں عید منائیں گی، اس حوالے سے بھی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز رائیونڈ میں عید منائیں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں عیدالفطر ادا کریں گے۔ حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور عطا تارڑ بھی کل لاہور میں عید منائیں گے۔
رانا ثنااللہ فیصل آباد میں جبکہ خواجہ آصف سیالکوٹ میں نماز عید ادا کریں گے۔ گورنر پنجاب بادشاہی مسجد لاہور میں عید کی نماز ادا کریں گے، جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کھڈیاں خاص میں عید منائیں گے۔
چودھری شجاعت حسین، پرویز الٰہی، سالک حسین اور شافع حسین گجرات میں عید منائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق، مجتبیٰ شجاع الرحمن اور علی پرویز ملک بھی لاہور میں عید منائیں گے۔
اسی طرح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنے آبائی علاقے باڑہ، ضلع خیبر میں عید منائیں گے، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ڈی آئی خان میں نماز عید ادا کریں گے۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی مانسہرہ میں عید منائیں گے، جبکہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اپنے آبائی ضلع چارسدہ میں عیدالفطر منائیں گے۔